سینچری ڈیل یوم نکبت کے قیام میں امریکہ اور بعض عرب حکام کی شرکت پر تاکید کے مترادف
انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ سینچری ڈیل سازشی منصوبہ یوم نکبت کے قیام اور غاصب صیہونیوں کے بہتر سالہ جرائم میں امریکہ اور بعض عرب حکام کی شرکت پر تاکید کے مترادف ہے۔
ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرس کے مستقل سیکریٹریٹ نے یوم نکبت کی آمد پر بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ بہتر سال قبل پندرہ مئی سن انیس سو اڑتالیس کو برطانیہ نے فلسطین پر اپنے جبری اختیارات کا استعمال اور اپنے سامراجی مقاصد کو آگے بڑھانے نیز مغربی ایشیا میں اپنا مستقل اڈہ قائم رکھنے کی غرض سے بین الاقوامی صیہونیزم کے ساتھ فلسطین میں یہودیوں کی منتقلی اور صیہونی حکومت کے قیام کے بارے میں ایک سمجھوتہ طے کیا۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم نکبت پر فاشیزم صیہونیزم نے امریکہ و برطانیہ کی حمایت سے، پندرہ ہزار فلسطینی عورتوں، بچوں اور نوجوانوں کا وحشیانہ قتل عام اور لاکھوں دیگر فلسطینیوں کو بے گھر کر کے بچوں کی قاتل غاصب، دہشت گرد اور انسانیت کا گلا گھونٹنے والی ظالم صیہونی حکومت کے قیام کا منصوبہ تیار کیا۔
ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرس کے مستقل سیکریٹریٹ نے اس حقیقت پر تاکید کرتے ہوئے کہ علاقے سے اغیار کے انخلا اور امریکہ کے زوال کی علامات نظر آنا شروع ہو گئی ہیں اور مستقبل میں علاقے میں غاصب و جعلی صیہونی حکومت بساط یقینا لپٹ جائے گی، کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ امریکہ کے سینچری ڈیل سازشی منصوبے اور غاصب و جارح صیہونیوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لئے چند شکست خوردہ عرب حکومتوں کی خوش فہمی و ذلالت سے اپنے وطن فلسطین کو آزاد کرانے اور فلسطینیوں کی وطن واپسی کے لئے مظلوم و مجاہد فلسطینی قوم کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹریٹ نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ کے یکطرفہ اور صیہونی سینچری ڈیل منصوبے نے، تحریک مزاحمت کو اپنی کامیابی کے حصول کے لئے اور زیادہ پرعزم بنا دیا ہے، تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ یقینا فلسطین آزاد ہوکر رہے گا اور آوارہ وطن اور بے گھر فلسطینی جلد ہی اپنے آبائی وطن واپس لوٹیں گے۔