غزہ میں نسل کشی کو روکنا اور صیہونی حکومت کے جرائم کی عدالتی تحقیقات کرانا عالمی مطالبہ ہے : ایران
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے یوم نکبہ کی مناسبت سے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کو روکنا اور صیہونی حکومت کے جرائم کی عدالتی تحقیقات کرانا عالمی مطالبہ ہے-
سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر ایک فلم پوسٹ کرکے لکھا ہے کہ یوم نکبہ فلسطینی قوم کی چھہتر برسوں سے جاری دربدری اور سرزمین فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے آغاز کا دن ہے ۔
اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا تھا کہ کہ چودہ مئی انیس سو اڑتالیس کو نکبہ اور مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق، بالخصوص ان کے حق خود ارادیت کی کھلی پامالی کا دور شروع ہوا اور چھہتر برسوں سے اس کے منحوس سائے اس پورے خطے اور عالم اسلام پر سایہ فگن ہیں اور آج اسلامی دنیا کے پیکر پر یہ ایک گہرے زخم اور ناسور میں تبدیل ہوچکا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوم نکبہ برطانوی سامراج کی سازش سے قلب عالم اسلام میں غاصب اور نسل پرست صیہونی حکومت کی تشکیل کا دن ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی، اور صیہونی حکومت کے جنگی نیز انسانیت کے خلاف جرائم تمام مسلمہ بین الاقوامی اصول و قوانین کی پامالی کے مترادف ہیں اور ان کے مرتکبین کے خلاف عدالتی اور قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے یوم نکبہ فلسطین کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب جبکہ برسوں سے جاری مظلوم نمائی کی نقاب ہٹ چکی ہے اور اسرائیلی حکومت کی حقیقی اپارتھائیڈ تصویر دنیا کے سامنے آچکی ہے نیز عالمی رائے عامہ اس غاصب حکومت کی گھناؤنی ماہیت سے باخبر ہوگئی ہے اور اسی کے ساتھ اس جعلی حکومت کا اندرونی اختلاف بھی طشت از بام ہوچکا ہے تو امید کی جاتی ہے کہ مظلوم، حریت پسند اور پائیدار فلسطینی عوام کے خلاف جاری نکبہ اور حقیقی ہولوکاسٹ بند ہوگا اور دنیا اس سرزمین کی آزادی کا جشن منائے گی۔