اسرائیلی حکومت کی حقیقی اپارتھائیڈ تصویر دنیا کے سامنے آچکی ہے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے یوم نکبہ فلسطین پر ایک بیان جاری کرکے غاصب صیہونی حکومت کو دنیا میں منظم دہشت گردی کی علامت قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے یوم نکبہ کی مناسبت سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 مئی 1948 کو نکبہ اور مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق، بالخصوص ان کے حق خود مختاری کی کھلی پامالی کا دور شروع ہوا اور 76 سال سے اس کے منحوس سائے اس پورے خطے اور عالم اسلام پر سایہ فگن ہیں اور آج اسلامی دنیا کے پیکر پر یہ ایک گہرے زخم اور ناسور میں تبدیل ہوچکا ہے۔
یوم نکبہ، برطانوی سامراج کی سازش سے قلب عالم اسلام میں غاصب اور نسل پرست صیہونی حکومت کی تشکیل کا دن ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا کی سامراجی طاقتوں کی حمایت سے سرزمین فلسطین پر قبضے، مسلمان فلسطینی عوام کی نسل کشی، قتل عام، دربدری اور بے حرمتی کے آغاز کا دن ہے جس کا سلسلہ 76 برس گزرجانے کے بعد آج بھی امریکا اور دیگر مغربی سامراجی طاقتوں کی حمایت سے جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت دنیا میں منظم دہشت گردی کی علامت ہے جو اپنے وحشیانہ جرائم کی کتاب میں ہر روز ایک نئے شرمناک صفحے کا اضافہ کر رہی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے ناصر اور الشفا اسپتالوں میں ملنے والی اجتماعی قبروں نے بشریت کے خلاف سفاک اور ظالم صیہونی حکومت کی وحشتناک تصاویر دنیا کی سامنے پیش کی ہیں۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی، اور صیہونی حکومت کے جنگی نیز انسانیت کے خلاف جرائم تمام مسلمہ بین الاقوامی اصول و قوانین کی پامالی کے مترادف ہیں اور ان کے مرتکبین کے خلاف عدالتی اور قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت پینتیس ہزار سے زیادہ بے گںاہ فلسطینی شہریوں کے قتل عام اور 78 ہزار سے زیادہ کو زخمی نیز لاکھوں فلسطینیوں کو بے گھر کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
بیان میں غزہ میں جنگ بندی میں امریکا کی جانب سے رکاوٹیں ڈالے جانے اور اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی مخالفت کو ناقابل قبول اور عالمی مطالبات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے یوم نکبہ فلسطین کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب جبکہ برسوں سے جاری مظلوم نمائی کی نقاب ہٹ چکی ہے اور اسرائیلی حکومت کی حقیقی اپارتھائیڈ تصویر دنیا کے سامنے آچکی ہے نیز عالمی رائے عامہ اس غاصب حکومت کی گھناؤنی ماہیت سے باخبر ہوگئی ہے اور اسی کے ساتھ اس جعلی حکومت کا اندرونی اختلاف بھی طشت از بام ہوچکا ہے تو امید کی جاتی ہے کہ مظلوم، حریت پسند اور پائیدار فلسطینی عوام کے خلاف جاری نکبہ اور حقیقی ہولوکاسٹ بند ہوگا اور دنیا اس سرزمین کی آزادی کا جشن منائے گی۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی 10 مئی 2024 کو کثرت رائے سے اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی قرار داد پاس کرچکی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے جنرل اسمبلی کی اس قرار داد کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین نے ثابت کردیا ہے کہ اس کے اندر ادارے کے منشور چار کے مطابق مکمل رکنیت کی ضروری شرائط پائی جاتی ہیں ۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ اس کے برعکس غاصب صیہونی حکومت نے سات ماہ سے جاری غزہ پر وحشیانہ حملوں میں سبھی بین الاقوامی قوانین کو پامال اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک جعلی، غاصب اور دہشت گرد حکومت ہے اور اقوام متحدہ کی رکنیت کی اہل نہیں ہے.