May ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • امریکہ صیہونی جرائم میں برابر کا شریک ہے: جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو پوری انسانیت کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں صیہونی جرائم میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو پوری انسانیت کا فرض قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکہ بالخصوص موجودہ امریکی حکومت ان تمام جرائم میں شامل ہے جو صیہونی حکومت نے انجام دیئے ہیں۔ وزیر خارجہ ظریف نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے انسٹاگرام پر ایک آن لائن پروگرام میں کہا کہ ہم اس سال ایک عالمی وبا کا سامنا کر رہے ہیں جس کی بنا پر فلسطینی کاز کے پابند عوام، ماہ رمضان کے آخری جمعے کے موقع پر ہونے والی ریلیوں میں شرکت نہیں کر سکے۔

جواد ظریف نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے خاتمے کے قائل ہیں اور فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کا سلسلہ بند ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عالمی طاقتیں جو صیہونی حکومت کی حمایت کرتی ہیں، وہ ہر چیز پر قادر نہیں ہیں اور وہی سب کچھ نہیں ہیں۔ جواد ظریف نے کہا کہ مسئلہ یہ تھا کہ مسلم ممالک اور اسلامی حکومتیں گذشتہ ستر برسوں کے دوران فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کی حمایت نہیں کر سکے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی عوام کی استقامت بدستور جاری رہے گی اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ جارحیت اور بین الاقوامی انسانی حقوق حتی ایٹمی ہتھیار بھی ملت فلسطین کی آرزوئیں پامال نہیں کر سکتے۔ جواد ظریف نے کہا کہ ہم نے ایک بار پھر دیکھا کہ نام نہاد سینچری ڈیل کے سلسلے میں جو لوگ امریکہ کی طاقت پر بھروسہ کئے ہوئے تھے اور انہوں نے کیسی فاش غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سب سمجھ چکے ہیں صیہونی حکومت اور اس کے حامی بالخصوص امریکہ نے اپنے اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے دہشتگردی کا سہارا لیا جبکہ یہ طاقت کی نہیں بلکہ کمزوری کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے یوم قدس کو شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے بغیر منایا کہ جو فلسطینی کاز کے سب سے بڑے حامیوں میں تھے۔ جواد ظریف نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس عظیم انسان کو امریکہ کے ہاتھوں میدان جنگ کے باہر، نہایت بزدلی کے ساتھ رات کی تاریکی میں ایک دہشتگردانہ کارروائی کے ذریعے قتل کیا گیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ رات کے اندھیروں میں شہید جنرل قاسم اور ان کے ساتھیوں کا قتل ، امریکہ کی انتہائی کمزوری و پستی کا ثبوت ہے اور اس کی اس حرکت نے اس کی طاقت کا بھرم چکناچور کردیا۔ 

محمد جواد ظریف نےامریکہ خاص طور سے موجودہ امریکی حکومت  کو صیہونی حکومت کے جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا۔ جواد ظریف نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ  آئیے ایک بار پھر ہم فلسطینی کاز کے ساتھ تجدید عہد کریں اور ایک مسلمان اور ایک انسان کی حیثیت سے اپنی شان و عظمت کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی صورت اس عالمی ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری نہ رہنے دیں ۔

ٹیگس