صدر روحانی اور اسپیکر علی لاریجانی نے دی عیدالفطر کی مبارکباد
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام الگ الگ پیغامات میں ان کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ عید الفطر الہی امتحان پاس کرنے کیلئے حقیقی جشن اور خوشی کا لمحہ ہے جنہوں نے اللہ رب العزت سے لو لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور سیدھے راستے کو نظرانداز نہیں کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عید الفطر کی برکت اور ملک کے ماہرین اور سائنسدانوں کی کوششوں سے ہم مصائب اور مشکلات خاص طور پر کورونا وائرس کی وجہ سے رونما ہونے والے بحران پر قابو پاسکیں گے اور پوری دنیا بالخصوص دنیائے اسلام میں سکون، امن اور سلامتی برقرار ہوجائے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت نے تمام مسلمانوں کی عزت اور کامیابی کی دعا کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے بھی اپنے اسلامی ممالک کے ہم منصبوں کے نام پیغام میں ان کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔
علی لاریجانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ آج کی دنیا میں در پیش چیلنجز بشمول کورونا وائرس کیخلاف مقابلہ کرنے کیلئے اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے کردار اور ان کی کارکردگی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔