جلد ہی خوشخبریاں سنائیں گے: ادارۂ ایٹمی توانائی
امریکہ کی جانب سے ایران کے ایٹمی سائنسدانوں پر پابندیوں کے اعلان کے بعد، ایٹمی توانائی کے قومی ادارے نے کہا ہے کہ قوم کو ایٹمی صنعت کے حوالے سے جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔
ایٹمی توانائی کے قومی ادارے نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پابندیوں کی امریکی فہرست میں مزید دو ایٹمی سائنسدانوں کے نام کا اضافہ ایران کی سربلندی کے لیے کام کرنے والے قابل فخر مجاہدین کے خلاف واشنگٹن کی مخاصمانہ اور احمقانہ پالیسیوں کے تسلسل کی نشاندھی کرتا ہے۔
ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے اسلامی نظام کے اعلی اہداف کی تکمیل کے لیے سرگرم اس قوم کے سپوتوں کے عزم و ارادے میں ذرہ برابر بھی خلل واقع نہیں ہوگا۔ ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ٹوئٹ میں آیا ہے کہ ہم اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران اسلامی کے بدخواہوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ملت ایران کے خلاف عالمی قوانین اور اصولوں کے منافی اقدامات سے اس قوم کے حوصلے مزید بلند ہوں گے اور عالمی سطح پر ایران کے دشمنوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعرات کی صبح اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے وابستہ مزید دو سائنسدانوں پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔