May ۳۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • نسل پرستی کے خلاف متحد ہونے کا وقت آ گیا ہے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں امریکہ میں سیاہ فام شہری کے سفید فام امریکی پولیس آفیسر کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ دنیا نسل پرستی کے خلاف متحد ہوجائے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب کے گزشتہ دوسال پہلے کے ٹوئٹر پیغام کو ایڈیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ دنیا نسل پرستی کا مقابلہ کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے 27 جون 2018ء کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کی جانب سے ایران مخالف بیان کی تصویر کو شیئر اور امریکی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ سیاہ فاموں کی جان کی قدر و قیمت اور اہمیت کے بارے میں نہیں سوچتے تاہم جو سیاہ فاموں کی زندگی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں انھیں جاننا ہوگا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ دنیا نسل پرستی کے خلاف متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل امریکہ میں سیاہ فام شہری کے سفید فام امریکی پولیس آفیسر کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کے خلاف زبردست مظاہرے شروع ہوئے جس نے ایک بار پھر عالمی سطح پر امریکہ کی نسل پرستانہ ماہیت کو بے نقاب کردیا۔

ٹیگس