ایران کا محاصرہ کرنے کی کوشش کرنے والے احمق، اب ایران کی طاقت کے محاصرے میں پھنس گئے ہیں: شمخانی
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ تیل لے جانے والے ایران کے بحری جہاز وطن واپس لوٹ رہے ہیں، کہا کہ جو بے وقوف ہمارا محاصرہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، وہ اب ایران کی طاقت سے پیدا ہونے والے محاصرے میں پھنس چکے ہیں۔
علی شمخانی نے اتوار کے روز ٹویٹ کر کے ایران کی جانب سے وینیزوئیلا کے لیے پیٹرول لے جانے والے پانچ آئل ٹینکروں کی روانگي کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے: ایران کے تیل ٹینکر اپنی مہم کو کامیابی سے انجام دینے کے بعد وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فعال استقامت کی حکمت عملی مؤثر رہی ہے اور ہمارا محاصرہ کرنے کی کوشش کرنے والے احمق، اب ایران کی طاقت سے پیدا ہونے والے محاصرے میں پھنس چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ٹرمپ اور ہوک کی التجا، اس دعوے کی دلیل ہے۔ انھوں نے گزشتہ ہفتے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ امریکا کے سپرپاور ہونے کا دعوی اور ایران کو جنگ اور پابندی کی دھمکی، بحیرۂ کیریبین میں ایرانی تیل ٹینکروں کی موجودگي سے کھوکھلی ثابت ہو گئي۔