رمضان عبداللہ کی رحلت پر رہبر اسلامی کا تعزیتی پیغام
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جہاد اسلامی فلسطین کے سابق سربراہ رمضان عبداللہ الشلح کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
پیر کے روز رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر سے جاری ہونے والے تعزیتی پیغام میں رمضان عبداللہ الشلح کے انتقال پر پوری فلسطینی قوم، فلسطینی مجاہدین اور خاص طور سے جہاد اسلامی کے جانثار کارکنوں کو تعزیت پیش کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ استقامتی تحریک اپنے ایک سچے اور اہم ترین رکن سے محروم ہو گئی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے تعزیتی پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ خداوند تعالی کی ہدایت اور نصرت کے سائے میں، فتحی شقاقی اور رمضان عبداللہ جیسے مجاہدین کی پیروی کرنے والے شائستہ جانشین اپنی جہادی کوششوں کے ذریعے ان کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سابق سربراہ رمضان عبداللہ الشلح طویل عرصے بیمار رہنے کے بعد ہفتے کے روز انتقال کر گئے۔
ایران کے صدر حسن روحانی، وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف، عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی اور عالمی اسلامی بیداری اسمبلی کے سیکریٹری ڈاکٹر علی اکبر ولایتی، تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکریٹری حمید شہر یاری، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سمیتت متعدد ایرانی رہنماؤں اور عہدیداروں نے بھی جہاد اسلامی فلسطین کے سابق سربراہ رمضان عبداللہ الشلح کی رحلت پر الگ الگ تعزیت پیغامات جاری کیے ہیں۔