ٹرمپ امریکی عوام سے بے جا توقع نہ رکھے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہی امریکی عوام کی جانب سے نظم و ضبط پر عمل درآمد کرنے سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبے کو تسلیم نہ کرنے کا باعث بنی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے آج بروز اتوار اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ امریکی حکومت جو خود تو عالمی نظم و ضبط اور بین الاقوامی قوانین کیخلاف ورزی کی عادی ہوگئی ہے وہ امریکی عوام سے نظم و ضبط کے نفاذ پر یقین کی توقع کیسے کرسکتی ہے؟
سید عباس موسوی نے امریکی صدر کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے اپنے آپ کو قانون اور نظم و ضبط پر عمل درآمد کرنے والا صدر قرار دے کر امریکی مظاہروں کو روکنے کیلئے ہزاروں مسلح فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو مختلف شہروں میں تعینات کرنے کی دھمکی دی تھی۔
امریکی صدر کے اس طرح کے بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں کہ جب حالیہ دنوں میں امریکی نیشنل گارڈ نے وائٹ ہاوس کے قریب نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کےخلاف ربر کی گولیوں، دستی بم اور آنسو گیس کا استعمال کیا تھا۔
واضح رہے کہ سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئڈ کے بہیمانہ قتل کے بعد اب امریکہ سمیت دنیا بھر میں نسل پرستی کےخلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔