Jul ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۴ Asia/Tehran
  • پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات اچھی سطح پر ہیں، صدر روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات اور تعاون کی سطح بہت ہی اچھی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بیرونی تعلقات کو ایران اسٹریٹیجک نقطہ نظر سے دیکھتا ہے،کہا کہ ایران اور پڑوسی ملکوں کے درمیان اچھی مفاہمت پائی جاتی ہے سوائے دو ملکوں کے جو خود ہی ایران کے ساتھ تعلقات نہیں رکھنا چاہتے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کی چابہار بندرگاہ میں پائی جانے والی گنجائش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی واحد سمندری بندرگاہ ہے جس نے گنجائش کو ڈھائی ٹن سے ساڑھے آٹھ ٹن تک پہنچایا ہے اور شمال جنوب ٹرانزیٹ میں یہ بہت بڑی تبدیلی ہے۔ صدر ایران نے اسی طرح شمال جنوب ریلوے لائن کے قیام کو ایک قومی و بین الاقوامی منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ یہ ریلوے لائن بحر ہند کے چابہار ساحل سے شروع ہو رہی ہے اور وسطی ایشیا ، قفقاز، چین، روس اور یورپ تک سے متصل ہوجاتی ہے۔

صدر مملکت نے ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمن کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دباؤ، ناامیدی پیدا کرنا، تفرقہ اور نظام و عوام میں اختلاف اور ملک کی عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ میں تفرقہ پیدا کرنا امریکہ و اسرائیل کا اصل ہدف و مقصد ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی حکام اور عوام، ایک کے بعد ایک دشمنوں کی جانب سے رچائی جانے والی سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔

تازہ خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجیے

ٹیگس