علاقائی و عالمی سطح پر ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون ہمیشہ موثر رہا ہے: قالیباف
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے درمیان گہرے اور قدیمی ثقافتی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی، بین الاقوامی اور ناوابستہ کانفرنس کی سطح پر تہران اور نئی دہلی کے درمیان تعاون ہمیشہ مؤثر رہا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد قالیباف نے پیر کو تہران میں ہندوستان کے سفیر گڈّام دھرمیندرا سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے زیادہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ اس بات کی اجازت نہیں دینا چاہئے کہ تیسرا فریق ایران اور ہندوستان کے تاریخی اور گہرے تعلقات کو نقصان پہنچا سکے۔
اسپیکر قالیباف نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات کی تاریخ بہت پرانی ہے، مشکل دور گزر جائے گا لیکن اس بات پر توجہ رکھنا چاہئے کہ یہ دور ایران اور ہندوستان کے درمیان سیاسی، علاقائی اور اقتصادی مسائل کے میدان میں اچھی یادیں چھوڑ جائے۔
اس ملاقات میں سفیر ہندوستان نے ایران - ہندوستان کے درمیان امن و دوستی کی ستّرویں سالگرہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تہذیبی، تاریخی اور ثقافتی اشتراکات پائے جاتے ہیں اور ہندوستانی سفارت خانے نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور اسے مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے اور ایرانی حکومت اور پارلیمنٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا ہے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link