Jul ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • امریکہ کے غیر قانونی فضائی اقدام پر ایران نے شکایت درج کی

ایران کے محکمہ شہری ہوابازی نے شہری ہوابازی کی عالمی تنظیم سے امریکی جنگی طیاروں کے ذریعے خطرناک طریقے سے ایرانی طیارے کا راستہ روکنے اور اسے ہراساں کرنے کے بارے میں فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران ایوی ایشن آرگنائزیشن کے شعبۂ تعلقات عامہ کی رپورٹ کے مطابق  ایرانی ایئر لائن ماہان ایئر کی پرواز نمبر ’’گیارہ باون‘‘ جمعرات کی شام تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ سے بیروت کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ماہان ایئر کی مذکورہ پرواز بین الاقوامی فضائی دالان میں سفر کرتے ہوئے شامی حدود میں داخل ہوئی جہاں دو امریکی جنگی طیاروں نے اچانک اس کا راستہ روکنے کی خطرناک طریقے سے کوشش کی تاہم ایرانی پائیلٹ ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو فوری طور پر طیارے کی اونچائی کم کی اور اس نے جہاز کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔ مگر پائلٹ کے اس ہنگامی عمل کے سبب طیارے کو غیر معمولی جھٹکے لگے اور نتیجے میں کچھ مسافر زخمی ہو گئے۔

ماہان ایئر لائن کی پرواز نے سیکورٹی کے حوالے سے اطمینان حاصل ہوجانے کے بعد اپنا سفر جاری رکھا اور بیروت ایئر پورٹ پر مسافروں کو اتارنے کے بعد جمعے کی صبح وہ  تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئر پورٹ واپس پہنچ گئی۔

اس رپورٹ کے مطابق ایران سول ایو ایشن آرگنائیزیشن نے شکاگو معاہدے کی ترمیم نمبر تیرہ کی بنیاد پر متعلقہ شامی حکام سے رابطہ کر کے اس واقعے کا گہرائی سے جائزہ لینے اور ایران کو اس سے آگاہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

علاوہ ازیں ایران کے فضائی حادثات کے ماہرین کی ایک ٹیم نے بھی حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے تہران ایئرپورٹ پہنچتے ہی اُس کا معائنہ اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ایران کی شہری ہوابازی کی ارگنائزیشن نے کہا ہے کہ دستیاب معلومات،  ٹیکنیکل ڈیٹا اور اسی طرح شام کے محکمہ شہری ہوا بازی کی فراہم کردہ مستند اطلاعات کا جائزہ لینے کے بعد اس حادثے کی تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

ایران سول ایوی ایشن آرگنائیزیشن نے ایرانی مسافر طیارے پر امریکی جنگی طیاروں کے جارحانہ اقدام کو ایوی ایشن کے تمام بین الاقوامی قوانین، ضابطوں اور معیاروں کے منافی قرار دیا ہے۔

 ایران کے محکمہ شہری ہوا بازی نے شہری ہوابازی کی عالمی تنظیم ایکاؤ (ICAO) میں واقعے کی باضابطہ شکایت جمع کرادی اور فوری طور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔  

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

7: https://chat.whatsapp.com/CHPuYaKdUxCGK4bzQDsJf4

 

ٹیگس