Aug ۰۴, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  • تہران میں استقامتی محاذ کے بارے میں نمائش کا آغاز

داعش کی حکومت کا خاتمہ اور استقامتی محاذ کی طاقت، کے زیر عنوان نمائش اور شہید قاسم سلیمانی کی خدمات کے بارے میں قائم میوزیم کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

منگل کے روز تہران میں شروع ہونے والی اس نمائش اور میوزیم میں عالمی سامراجی طاقتوں اور ان کے علاقائی دم چھلوں کی ریشہ دوانیوں اور سازشوں کو ناکام بنانے نیز دہشت گرد گروہوں کی نابودی میں، استقامتی محاذ کے مجاہدین کی کوششوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کے بعض گوشوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اگر سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے مجاہد ساتھیوں کی مجاہدت اور قربانی نیز شام و عراق کے عوام اور حکومتوں کا تعاون نہ ہوتا تو یقینا ان ملکوں پر داعش اور دیگر دہشت گرد گروہ حکومت کر رہے ہوتے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے اس موقع پر کہا کہ بیت المقدس کی آزادی، اسلام دشمنوں کی نابودی اور مسلم ممالک سے ان کی بے دخلی تک شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تحریک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا ہم شہید جنرل قاسم سلیمانی کے خون کا انتقام ضرور لیں گے۔انہوں نے کہا کہ استقامتی محاذ کی شمع آج بھی شہید جنرل قاسم سلیمانی کے ہاتھ میں ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ استقامتی تحریک شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قائم کردہ نورانی راستے پر پوری قوت کے ساتھ گامزن ہے اور ان کے خون کا انتقام لینا اس تحریک کا ایک ہدف بن گیا ہے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے بھی اس موقع پر کہا کہ استقامتی محاذ نے شہید قاسم سلیمانی کی قیادت میں داعش کا خاتمہ کردیا اور یہ کام شہیدوں کے خون کی برکت سے انجام پایا۔انہوں نے کہا کہ استقامی محاذ کے مجاہدین، جنرل قاسم سلیمانی کی جرآت مندانہ قیادت اور ایران کی وزارت دفاع کی پشت پناہی میں کفر کی طاقتوں اور پیسے اور اسلحے کے ذریعے جرائم کا ارتکاب کرکے خطے میں بدامنی پھیلانے والوں کے مقابلے میں ڈٹ گئے اور انہیں شکست سے دوچار کیا۔

قابل ذکر ہے کہ رواں سال تین جنوری کو حکومت عراق کی دعوت پر بغداد کا دورہ کرنے والے ایران کے مایہ ناز فوجی جرنیل اور سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو امریکی فوج نے دہشت گردانہ حملہ کرکے شہید کردیا تھا۔ امریکہ کے اس دہشت گردانہ حملے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابومہدی المہندس اور آٹھ دوسرے مجاہدین بھی شہید ہوگئے تھے۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس