لبنانی قوم صبر و یکجہتی سے اس سانحے سے نمٹ جائے گی
ایران کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی حکومت اور قوم ہمیشہ کی طرح لبنانی عوام کے ساتھ ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے لبنانی ہم منصب میشل عون سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا کہ بیروت کی بندرگاہ پر رونما ہونے والا سانحہ ایرانیوں کے لئے بھی المناک ہے اور ایرانی عوام، لبنانی عوام کے اس غم میں شریک ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایران کے وزرائے خارجہ اور صحت اور اسی طرح ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ سے کہا گیا ہے کہ وہ مسلسل لبنان کے ساتھ رابطے میں رہیں تاکہ لبنانی عوام کو ہر ضروری مدد فوری طور پہنچائی جاسکے۔
اس گفتگو میں لبنان کے صدر نے بھی کہا کہ ایران اور لبنان کی قوموں کی دوستی اور روابط کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جب بھی لبنان کی حکومت اور قوم کو مدد کی ضرورت ہوئی ہے ایران کی حکومت اور قوم نے تعاون سے کبھی دریغ نہیں کیا ہے۔اس درمیان لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ بیروت سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک سو ستاون ہوگئی ہے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق بیروت سانحے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی پانچ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کی شام بیروت بندرگاہ پر آتشگیر مادے کے ایک گودام میں آگ لگنے کے بعد اس کے پاس ہی موجود امونیئم نائٹریٹ کے ایک بڑے گودام میں مہیب دھماکہ ہوا تھا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کو دو سو چالیس کلومیٹر دور قبرص میں بھی محسوس کیا گیا تھا ۔