Aug ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران چین تعاون پر امریکی تلملاہٹ میں اضافہ

امریکی وزیر خارجہ نے ایران اور چین کے خلاف الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ تہران بیجنگ تعلقات مغربی ایشیا کے لیے خطرناک ہیں۔

 مائیک پومپیو نے ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی کوششوں کو آگے بڑھانے کی غرض سے ایران اور چین کے درمیان جامع تعاون کے مجوزہ سمجھوتے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔امریکی وزیر خارجہ نے ایران پر دہشت گردی کی حمایت کے من گھڑت الزام کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے ایران کو اسلحہ جاتی، تجارتی اور مالیاتی نظام تک رسائی دینے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

مائیک پومپیو نے ایک اور ٹوئٹ میں دعوی کیا کہ دنیا بھر میں چین کی کمونیسٹ پارٹی کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم  خیال ممالک چین کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد بنانے میں مصروف ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کی تازہ زہر افشانی کا مقصد ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے جس میں تاحال انہیں ناکامی کا سامنا ہے۔ایسا دکھائی دیتا ہے کہ امریکہ اس معاملے میں سلامتی کونسل کے رکن مغربی ممالک کو بھی اپنا ہمنوا نہیں بناسکا ہے۔

واضح رہے کہ جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران پر اسلحہ کی خرید و فروخت سے متعلق غیر منصفانہ عالمی پابندیاں رواں سال اکتوبر میں ختم ہوجائیں گی۔

ٹیگس