Aug ۲۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۴۶ Asia/Tehran
  • ایٹمی سمجھوتے کے ارکان امریکہ کو لگام دیں: ترجمان وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ ایٹمی سمجھوتے کے رکن ممالک کو چاہئے کہ وہ امریکہ کواس بات کی اجازت نہ دیں کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو حربے کے طور پر استعمال کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بدھ کوایک انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کو ایک بار پھر تاریخی شکست کا منھ دیکھنا پڑا۔ یاد رہے کہ ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ نافذ کرنے کی امریکہ کی درخواست کو سلامتی کونسل کے اراکین نے مسترد کر دیا ہے۔

خطیب زادہ نے مزید کہا کہ گزشتہ چودہ اگست کو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت بڑھانے کی امریکی درخواست کی سلامتی کونسل کے اراکین نے سخت مخالفت کی اور اسی طرح بیس اگست کو ایک بار پھر سلامتی کونسل کے اراکین نے ایران کے خلاف اعلامیہ شائع کرنے کی امریکی کوشش کو مسترد کر دیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سلامتی کونسل کی تاریخ میں شاید پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ دس روز کے عرصے میں سلامتی کونسل کے کسی مستقل رکن کو ایک بڑے انکار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

خطیب زادہ نے سلامتی کونسل کے سربراہ کے اس بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکی درخواست ناجائز اور لاحاصل ہے، امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایٹمی سمجھوتے کے اراکین اور سلامتی کونسل کے تمام مستقل اور غیرمستقل اراکین ثابت کر دکھائیں گے کہ امریکہ ڈرا دھمکا کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنے مفادات کے لئے استعمال نہیں کرسکتا۔

ٹیگس