Aug ۲۸, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران: پاکستان میں ہونے والی بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار

پاکستان میں تعیناب ایران کے سفیر نے پاکستان میں ہونے والی بارش اور بعض علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر اس ملک کے عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں تعیناب اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اسلام آباد میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش اور بعض علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر اس ملک کے عوام اور حکومت سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

کراچی شہر میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی شدید متاثر ہونے کے باعث وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے آج جمعے کو کراچی ڈویژن میں تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے کھلے رہیں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ بلدیات، صحت، واٹر بورڈ، پی ڈی ایم اے، ریونیو کے دفاتر بھی کام کریں گے۔ ترجمان وزیراعلی ہاؤس کے مطابق تعطیل صرف کراچی ڈویژن میں ہوگی چیف سیکریٹری سندھ نے حکم نامہ جاری کردیا۔

واضح رہے کہ کراچی اور پاکستان کے دیگر کئی شہروں میں بد ترین طوفانی بارش نے تباہی مچادی جس کے باعث بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور مختلف واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت صرف کراچی میں 18 افراد جاں بحق ہوئے اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ جبکہ دیگر علاقوں میں بھی کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

ٹیگس