Sep ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۵۴ Asia/Tehran
  • تہران اور برن نے پچھلے ایک سو سال میں باہمی احترام کو بڑھایا ہے: سوئس وزیر خارجہ

سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے تہران اور برن کے درمیان سفارتی تعلقات کے طویل ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سوئٹزرلینڈ نے گزشتہ ایک سو برس کے دوران باہمی احترام کی سطح کو اونچا کیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ، ایگنازیو کیسس نے، جو تہران کے دورے پر ہیں، اتوار کے روز ایران میں سوئٹزرلینڈ کی سفارتی موجودگي کو سو سال پورے ہونے کی مناسبت سے منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں کہا کہ ایران اور سوئٹزرلینڈ کی قومیں الگ الگ ہیں، ان کی پسند اور مفادات الگ الگ ہیں لیکن دونوں ملکوں کے عوام سخاوتمندانہ روح اور تجسس آمیز افکار میں ایک دوسرے کے شریک ہیں۔ انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات سنہ 1873 سے شروع ہوئے تھے، کہا کہ سوئٹزرلینڈ یورپ کے ان اولین ملکوں میں تھا جنھوں نے ایران کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کا آغاز کیا تھا۔

سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے ایران اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ثقافتی لین دین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے فنکاروں کے درمیان بہت اچھا تعاون جاری ہے۔ واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ ایگنازیو کیسس سنیچر کے روز ایران پہنچے تھے اور سب سے پہلے اصفہان گئے تھے۔ انھوں نے اتوار سے تہران کا دورہ شروع کیا ہے اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

ٹیگس