Sep ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • پیغمبر اسلام کی توہین امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازش ہے : رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے ایک پیغام میں فرانسیسی جریدے شارلی ایبدو میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کیے جانے کی مذمت کی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک فرانسیسی جریدے کے ذریعے ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان میں گستاخی اور آپ کی مقدس ہستی کی توہین گناہ عظیم اور ناقابل معافی جرم ہے۔ آپ نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے کہ اس اقدام سے اسلام اور مسلم معاشرے سے مغربی دنیا کے ثقافتی و سیاسی اداروں کا بغض و عناد شر پسندی اور دشمنی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں مزید فرمایا ہے کہ آزادی بیان کے بہانے فرانس کے بعض سیاستدانوں کی جانب سے اس بڑے جرم کی مذمت نہ کرنا پوری طرح مسترد ، غلط اور عوام کو دھوکا دینا ہے ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ صیہونیوں اور سامراجی حکومتوں کی اسلام دشمن پالیسیاں ہی اس طرح کی دشمنانہ حرکتوں اور اقدامات کا عامل ہیں جو ہر کچھ دن پر سامنے آتی ہیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے کہ اس حساس دور میں یہ اقدام مغربی ایشیا کی حکومتوں اور قوموں کے ذہنوں کو ان مذموم منصوبوں کی جانب سے موڑنے کی غرض سے انجام پایا ہے جو امریکہ اور صیہونی حکومت نے تیار کئے ہیں ۔آپ نے فرمایا ہے کہ مسلم امۃ خاص طور سے مغربی ایشیا کے ممالک کو چاہئے کہ اس حساس علاقے کے مسائل کی بابت ہوشیار رہتے ہوئے اسلام و مسلمین کے سلسلے میں مغربی حکمرانوں اور سیاستدانوں کی دشمنیوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔

یاد رہے کہ فرانسیسی جریدے چارلی ایبدو نے گذشتہ ہفتے منگل کو شان ختمی مرتبت میں ایک بار پھر گستاخی کا ارتکاب کرتے ہوئے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کے بارے میں توہین آمیز خاکے شائع کئے ہیں ۔

ٹیگس