Sep ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران، افغان امن عمل میں ہر طرح کے تعاون پر تیار ہے: جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف اور محمد حنیف اتمر نے بین الافغانی مذاکرات کے حوالے سے ہمسایہ ملکوں کے کردار کے بارے میں بات چیت کی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے بین الافغانی مذاکرات کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان میں قیام امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

ایران اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے جامع معاہدے کو آگے بڑھانے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔

افغانستان میں کئی عشروں سے جاری جنگ کے بعد حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ خطے اور دنیا کے ایک بااثر ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران بحران افغانستان سمیت تمام علاقائی بحرانوں کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرتا آیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ افغان حکومت کے ذریعے اس ملک میں پائیدار امن کا قیام تہران کی ترجیحات مین شامل ہے۔

ٹیگس