ایران کے بارے میں پمپئو کا ٹوئٹ امریکہ کی مایوسی کا عکاس
ایران کی وزارت خارجہ نے ایران کے اندرونی مسائل اور ایران کے وزیر خارجہ کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ پمپئو کے ٹوئٹ کو مایوسی و افسردگی کے نتیجے میں نفسیاتی مریض ہونے کا مظہر قرار دیا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جو ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی میں مسلسل شکست کھاتے آ رہے ہیں، انسانی حقوق کی حمایت کا دعوی کر کے کسی حد تک ٹرمپ کی کھوئی ہوئی ساکھ و وقار کو بحال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پمپئو، امریکہ کی جس کابینہ میں وزیر خارجہ ہیں وہ انسانی حقوق کے مسئلے میں بدترین کار کردگی کی حامل ہے اور کوئی دن ایسا نہیں گزرتا کہ جس دن امریکہ میں قتل و تشدد، امتیازی سلوک اور نسل پرستی کے خلاف احتجاج نہ کیا جاتا ہو۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی ابتر اندرونی صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پمپئو، جنھوں نے سی آئی اے میں فریب و مکاری اور جھوٹ اور جعل سازی کی تربیت حاصل کی ہے، بڑے سے بڑا جھوٹ بول کر رائے عامہ کو منحرف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔