Oct ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • ایران دہشت گردوں کو سرحدی علاقوں میں داخل نہیں ہونے دے گا، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی تاکید

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ہرگز سرحدی علاقوں میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پڑوسی ملکوں کے حکام کو صاف صاف بتایا بھی جا چکا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں آرمینیا اور آذربائیجان کے حکام کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس گفتگو میں جمہوریہ آذربائیجان کی ارضی سالمیت کے تحفظ پر تاکید کی گئی ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کا ہمیشہ یہی خیال رہا ہے کہ جنگ و خونریزی سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا اس لئے دیگر طریقے تلاش کئے جانے کی ضرورت ہوتی ہے اور تہران اس بارے میں ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ بعض مختلف بہانوں سے ان دہشت گردوں کو کہ ایران جن کے خلاف عرصہ دراز سے برسرپیکار رہا ہے، ایران کے سرحدی علاقوں تک پہنچنے کا موقع فراہم کیا جائے - صدر روحانی نے اسی طرح آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تنازعہ اور جنگ کو علاقائی جنگ میں تبدیل کئے جانے پر سخت خبردار کیا اور کہا کہ جو لوگ جنگ کی آگ کو مزید بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کو جان لینا چاہئے کہ یہ جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے اور اس جنگ کو سیاسی طریقے سے ختم کرائے جانے کی ضرورت ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جنگ و غاصبانہ قبضے کو ایران کی نظر میں بالکل ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ انجام پانے والی کوششوں سے علاقے میں استحکام بحال ہو جائے گا۔

صدر ایران نے منگل کے روز جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف سے ٹیلیفونک گفتگو میں قرہ باغ کے مسئلے میں بعض ملکوں کی ممکنہ مداخلت اور جنگ قرہ باغ کو علاقائی جنگ میں تبدیل کئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی اور خاص طور سے ایران کی شمالی سرحدوں میں امن و استحکام خاص اہمیت کا حامل ہے اور یہ مسئلہ اور سرحدوں پر جاری بدامنی اس بات کا باعث نہیں بننا چاہئے کہ دہشت گرد گروہ دراندازی کی کوشش کریں -

 

ٹیگس