Oct ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا کی موجودہ صورت حال

ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں کورونا کے تین لاکھ ستانوے ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے بدھ کے روز ایران میں کورونا کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چار ہزار انیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار آٹھ سو بیس مریضوں کو ایڈمٹ اور باقی کو ضروری ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری کے مطابق ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ تراسی ہزار آٹھ سو چوالیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو سو انتالیس مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد ستائیس ہزار چھے سو اٹھاون ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ اب تک تین لاکھ ستانوے ہزار ایک سو نو مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تین کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جن میں سے  دس لاکھ سے زائد کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو کروڑ ستر لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

صرف امریکہ میں چہتتر لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریبا دو لاکھ سولہ ہزار کورونا مریضوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔ اس طرح کورونا سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ 

 

ٹیگس