افغان امن مذاکرات میں ایران کا کردار اہم ہے: عبداللہ عبداللہ
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے افغان امن کے عمل میں ایران کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
تہران کا دورہ کرنے والے افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا قیام انتہائی اہم ہے اور ایک پڑوسی ملک کی حیثیت سے ایران، افغانستان کے امن کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی مشاورت اور ہمسایہ ملکوں کے نظریات افغانستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغانستان کے عوام ملک میں پائیدار امن اور اپنی قربانیوں کے ثمرات کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایران اور افغانستان کے نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے کابل اور تہران کے درمیان تعاون کے جامع سمجھوتے کے بارے میں کہا کہ اقتصادی تعلقات کا فروغ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو برس کے دوران ایران اور افغانستان کے درمیان تعاون کے جامع سمجھوتے کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ ایرانی حکام کے ساتھ صلاح و مشورے کی غرض سے ایک وفد کے ہمراہ اتوار کو تہران پہنچے تھے۔ عبداللہ عبداللہ اب تک صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی، اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، وزیر توانائی رضا اردکانیان اور ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے ملاقات اور گفتگو کر چکے ہیں۔