آئی ایم ایف امریکی دباؤ میں نہ آئے، اپنی ذمہ داری پر عمل کرے
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے آئی ایم ایف پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی محرکات اور امریکی دباؤ سے دور رہتے ہوئے کورونا وائرس کے مقابلے کی غرض سے ایران کی قرضے کی درخواست قبول کرنے سے لیت و لعل سے کام نہ لے۔
مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے مرکزی بینکوں کے سربراہوں کی تنظیم مینا کے اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبد الناصر ہمتی کا کہنا تھا کہ تہران اپنے قانونی ذرائع سے کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے مناسب اقدامات عمل میں لا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ البتہ امریکہ کی غیر قانونی پابندیاں بیرونی ممالک میں موجود اثاثوں تک ایران کی دسترسی میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران بھی دیگر ملکوں کی طرح آئی ایم ایف کا ایک رکن ہے اور اسے بھی کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈز کے مختص کردہ مالی ذرائع سے استفادے کا حق حاصل ہے۔
عبد الناصر ہمتی نے کہا کہ تہران نے کورونا وائرس کا آغاز ہوتے ہی آئی ایم ایف سے ہنگامی بنیادوں پر قرضے کی فراہمی کی درخواست کی تھی لیکن اس کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل غیر منطقی ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں کے اہداف اور مقاصد کے خلاف بھی ہے۔
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو سیاسی محرکات اور امریکہ کے دباؤ میں آئے بغیر کورونا وائرس کے خلاف مؤثر اقدامات کی غرض سے ایران کی درخواست کا فوری جواب دینا چاہیے۔