Oct ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • سرحدی سیکورٹی اور عوام کی سلامتی ریڈ لائن ہیں: ایران

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان سے ملنے والی ملکی سرحدوں پر کسی بھی قسم کی جارحیت اور خطرے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تہران اس کا سختی کے ساتھ جواب دے گا۔

 ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی کا کہنا تھا کہ قرہ باغ  کے معاملے پر آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان فوجی محاذ آرائی اور تیسرے ملک کی سرحدوں پر اچھی ہمسائگی کے بین الاقوامی ضابطوں اور جنگی مصلحتوں کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے گولیاں اور مارٹر گولے ایران کی سرزمین پر گر رہے ہیں۔

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی سیکورٹی اور ایرانی عوام کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے اور اس حوالے سے جنگ میں الجھے دونوں ملکوں کی توجہ دلائی جاتی ہے کہ وہ اغیار کی شرانگیزی اور شیطنت سے ہوشیار رہیں۔ 

انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا دونوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو پُر امن طریقے اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں اور فوجی آپریشن میں لاپرواہی کی وجہ سے ایران کی زمینی سرحدوں اور ایرانی عوام کے امن و سکون کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔

بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے واضح کیا کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے ساتھ ہمسایگی کے احترام اور ایران کے صبر سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کی جائے اور ایران کی ریڈ لائن کو عبور کرنے سے گریز کیا جائے  کیونکہ ایسا کرنے والے کو پیشمانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان قرہ باغ کے مسئلہ پر اختلافات پائے جاتے ہیں اور اس معاملے پر ستائیس ستمبر سے شروع ہونے والی جنگ اور جھڑپوں میں اب تک سیکڑوں ہلاک ہو چکے ہیں۔

ٹیگس