ایران نے طالبعلموں پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کابل میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زاده نے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم طالبعلموں کو خاک و خون میں نہلا دیا جس کی ایران بھرپور طریقے سے مذمت کرتا ہے اور ایرانی عوام اپنے افغان بھائیوں کے اس غم میں برابر کا شریک ہے۔
سعید خطیب زاده نےجاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ ایران آج اس غم میں سوگوار ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی ایک بیان میں کابل میں تعلیمی مرکز کے باہر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں قائم ایک تعلیمی مرکز کے باہر خودکُش حملے میں 18 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے کہا کہ سکیورٹی گارڈ کا حلیہ اپنائے ایک بمبار دہشتگرد نے مغربی کابل کے علاقے دشتِ برچی میں کوثرِ دانش تعلیمی مرکز کے باہر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت بڑی تعداد میں طلبہ سواریوں کے انتظار میں جائے وقوع پر موجود تھے۔ بعض زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے، تاحال کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: افغانستان میں تعلیمی مرکز پر حملہ، 18 ہلاک، 57 زخمی