قرہ باغ جنگ کے فریقوں کو ایران کا انتباہ
ایران کے ایک اعلی ایرانی فوجی عہدیدار نے ملک کی فضائی حدود کی ممکنہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت خبردار کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قادر رحیم زادہ نے قرہ باغ کی جنگ میں الجھے دونوں فریقوں کو خبردار کیا ہے کہ بغیر ہم آہنگی کے ایران کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ہوائی جہازوں کو مار گرایا جائے گا۔
آرمینا اور آذربائیجان سے ملنے والی سرحدوں کے معائنے کے موقع پر جنرل رحیم زادہ نے بتایا کہ ایرانی فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ سرحدوں پر تعینات کردیئے ہیں اور ہماری مسلح افواج ہر قسم کی غلطی کے جواب کے لئے پوری طرح آمادہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ قرہ باغ کے مسئلہ پر آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف داغے جانے والے متعدد راکٹ اور بم ایران کے سرحدی شہر خدا آفرین پرگرے ہیں۔
آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ستائس ستمبر سے جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں فریقین کے سیکڑوں فوجی مارے جا چکے ہیں۔