امریکی ذرائع ابلاغ ہالیوڈ طرز کے سیناریو سے دھوکے نہ کھائیں: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران میں القاعدہ کے افراد کی موجودگی اور اس گروہ کے ایک عہدیدار کو قتل کئے جانے سے متعلق خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہوئے اسے ایران کے خلاف امریکہ کی ابلاغیاتی جنگ کا ایک حصہ قرار دیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ خطیب زادہ نے امریکی ذرائع ابلاغ سے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور صیہونی حکام کے ہالی ووڈ کٹ کے سیناریو کے دھوکے میں نہ آئيں۔
خطیب زادہ نے صیہونی میڈیا اور معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں، ایران میں دہشت گرد گروہ القاعدہ کے ایک عہیدار کے قتل سے متعلق شائع شدہ خبر اور اس گروہ کے عناصر کی ایران میں موجودگی کی سختی کے ساتھ تردید کی اور امریکی ذرائع ابلاغ کو مشورہ دیا کہ وہ امریکہ اور اسرائیلی حکام کی ہالیوڈ طرز کے سیناریو کے دھوکے میں نہ آئيں۔
خطیب زادہ نے اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ دہشت گرد گروہ " القاعدہ" امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی غلط پالیسوں کی دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور تل ابیب تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد اس گروہ کی حمایت سے متعلق اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دینے کے لئے ایران کے خلاف اس قسم کا جھوٹا پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ ماضی میں بھی اس قسم کی افواہیں پھیلاتا رہا ہے لیکن امریکہ کی موجودہ حکومت نے مستقل بنیادوں پر اس روش کو اپنا لیا ہے جس کے تحت وھائٹ ہاؤس اس قسم کے بے بنیاد الزامات کی تکرار کے ذریعے ایرانوفوبیا کی پالیسی کو آگے بڑھا رہا ہے۔
خطیب زادہ نے مزید کہا کہ بلاشبہ اس قسم کے بے بنیاد الزامات ملت ایران کے خلاف اس جنگ کا حصہ ہیں جو امریکہ نے ایران کے خلاف معاشی، جاسوسی اور نفسیاتی میدانوں میں شروع کر رکھی ہے۔ خطیب زادہ نے مزید کہا کہ ذرائع ابلاغ کو ایران کے خلاف وھائٹ ہاؤس کی نپی تلی جھوٹی خبروں کی اشاعت کا ٹریبیون نہيں بننا چاہیے۔