خلیج فارس ایران کے دفاعی استحکام کی علامت
زيادہ دباؤ کی امریکی پالیسیوں میں ایران کی ترقی اور پیشرفت کا عمل جاری ہے
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ "خلیج فارس" ایران کی مضبوط دفاعی علامت ہے، ہم اپنے حیاتی مفادات کے دفاع کے لئے کسی خاص جغرافیا تک محدود نہیں ہیں۔
جنرل حسین سلامی نے " شہید رودکی " بحری جنگی جہاز کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری بیڑے میں شامل کئے جانے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے یہ ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نےکہا کہ سپاہ پاسداران کی بحریہ کی تقویت اور پیشرفت کے تعلق سے ہم جس چيز کا مشاہدہ کر رہے وہ مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای کی حکمت عملی اور بابصیرت قیادت کا نتیجہ ہے۔
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ہماری حکمت عملی جارحیت کے مقابلے میں دفاعی نوعیت کی ہے چنانچہ اگر ہمیں دشمن کی جانب سے خطرے کا احساس ہوا، یا دشمن نے جارحیت کا ارتکاب کیا تو پھر ہم دفاعی حکمت عملی پر کاربند نہيں رہيں گے بلکہ ہم بھرپور حملہ آور کی پوزیشن اختیار کرلیں گے اور یہ ہماری دفاعی حکمت عملی کا حقیقی مفہوم ہے اور ہم اس پر عمل درآمد کی پوری قوت سے کوشش کر رہے ہـيں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن سمجھ رہا تھا کہ ہم پابندیوں کی وجہ سے کمزور ہوجائيں گے، لیکن اس کی توقع کے برخلاف ہم مختلف شعبوں میں نئی نئی ایجادات اور اختراعات کر رہے ہیں اور یہ کوئی نعرہ نہیں ہے بلکہ ایک حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری طاقت کو مضمحل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے خود سیاسی، سماجی،معاشی اور فوجی لحاظ سے بڑی تیزی کے ساتھ زوال پزیر ہورہے ہیں، جس کے آثار امریکہ کے انتخابات اورانتخابی عمل کے دوران پوری طرح سے نمایاں ہوگئے ہیں۔