دہشتگردی کے خلاف قیام نہ کرنا شرمندگی کا باعث ہے، جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بلا شک ایران کے ایک اعلی سائنسدان پر دہشتگردانہ حملے کی منصوبہ بندی ایک دہشتگرد حکومت کے توسط سے کی گئی اور اس پرعمل در آمد اس کا ساتھ دینے والے دہشتگردوں نے کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ بعض لوگ دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے صبر و تحمل سے کام لینے کے بیانات دینے پر اکتفا کرتے ہیں۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک ٹوئیٹ میں شہید فخری زادہ کے قتل کی ذمہ داری غاصب صہیونی حکومت پرعائد کرتے ہوئے لکھا تھا کہ شہید فخری زادہ کے قتل میں ناجائز صہیونی حکومت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 27 نومبر کو ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب ایران کے ایٹمی پروگرام کے بانی سائنسدان کی گاڑی کے قریب دھماکہ اور فائرنگ کے نتیجے میں سائنس دان محسن فخری زادہ شدید زخمی ہوگئے، اُنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔