Dec ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • امریکہ کی نئی حکومت ماضی کی غلطیوں کی تلافی کرے: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایٹمی سمجھوتے کے فریقوں کی جانب سے معاہدے کی پابندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی امریکی حکومت ماضی کی غلطیوں کی تلافی اور ایٹمی سمجھوتے پر مکمل عمل درآمد کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کورونا ویکسین بنانے اور اس کی خریداری میں ایران کے سینٹرل بینک اور وزارت صحت کو درپیش مسائل و مشکلات کا ذکر کیا۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ وائٹ ہاؤس میں یہ جو گروہ براجمان ہے اور اپنے آخری دن گن رہا ہے، اس حد تک برا ہے کہ اس نے عوام کی صحت پر بھی رحم نہیں کیا اور ایران کی عظیم  قوم اور علاقے کے ممالک کے عوام کے ساتھ بدترین اور سفاکانہ ترین رویہ اختیار کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے یورپی ملکوں کی جانب سے ایٹمی سمجھوتے کی شقوں پر عمل نہ کئے جانے کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نطنز کی ایٹمی سائٹ میں جدید سینٹری فیوج مشینوں  کی تنصیب ایران کی جانب سے ایٹمی سمجھوتے کی شقوں پر عمل درآمد میں کمی کے اعلان کی بنیاد پر انجام پائی ہے اور کوئی نئی چیز نہیں ہے۔

صدر روحانی نے آئندہ برس حکومت کی روزانہ تیئس لاکھ بیرل تیل بیچنے کی آمادگی کی خبر دیتے ہوئے  کہا کہ آئندہ سال کے بحٹ کا انحصار تیل پر نہیں ہے اور تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی ملک کی توسیع و ترقی کے لئے خرچ کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے آئندہ برس کے بجٹ میں عوام کی معیشت اور کم آمدنی والے افراد پر خاص توجہ دی گئی ہے اور آئندہ برس اسلامی جمہوریہ ایران کے تیل کی پیداوار اور فروخت کی صورت حال اور گزشتہ دو سال پہلے سے مختلف ہوگی۔

ٹیگس