Dec ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran

حال ہی میں دہشتگرد غاصب صیہونی ٹولے کے ہاتھوں شہید ہونے والے ایران کے معروف ایٹمی سائنسداں ڈاکٹر محسن فخری زادہ کی زریں اور ناقابل فراموش خدمات کے پیش نظر انکے اہل خانہ کو رزمی و دفاعی شعبے کے سب سے بڑے اعزاری تمغے ’نصر‘ سے نوازا گیا۔ یہ تمغہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی جانب سے ایران کی مسلح افراج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل باقری نے شہید کی اہلیہ کو عطا کیا۔ یاد رہے کہ ۲۷ نومبر کو صیہونی ایجنٹوں کے ہاتھوں شہید محسن فخری زادہ تہران میں شہید کر دئے گئے تھے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے، دیگر اعلی فوجی کمانڈروں کے ساتھ شہید فخری زادہ کی رہائشگاہ پہنچ کر مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی جانب سے یہ قابل فخر ایوارڈ شہید پروفیسر محسن فخری زادہ کے اہل خانہ کو پیش کیا۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ یہ ایوارڈ دفاعی و رزمی محاذ پر ممتاز کارنامہ انجام دینے والے محققین، مجاہدین اور سائنسدانوں کے لئے مخصوص ہے۔ مسلح افواج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہید محسن فخری زادہ نے دفاعی تحقیقات میں ممتاز کارنامے انجام دیئے ہیں اور اسی بنیاد پر رہبر انقلاب اسلامی نے انہیں بعدِ شہادت یہ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنرل باقری نے کہا کہ میدان علم و دانش کے اس عظیم شہید کے خون کا انتقام یقینا مناسب وقت اور جگہ پر سامراجی نظام سے لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بڑے شیطان امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کو جان لینا چاہئے کہ قصورواروں کو اس وحشیانہ جرم کی سزا ضروری ملے گی۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی وزارت دفاع اور مسلح افواج کے تحقیقاتی و جدید ٹکنالوجی کے ادارے کے سربراہ اور جوہری سائنسداں محسن فخری زادہ تہران کے ایک مضافاتی علاقے میں ستائیس نومبر کو ایک دہشت گردانہ حملے میں شہید ہو گئے تھے۔

ٹیگس