سرحدی گزرگاہوں کی تعداد بڑھانے پر تہران اور اسلام آباد متفق
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی گزرگاہوں کی تعداد فروری تک تین ہوجائے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی گزرگاہوں کی تعداد تین تک پہنچ جائے گی۔ یہ بات ایران کی تجارتی ترقی تنظیم ایشیاء پیسیفک آفس کے ڈائریکٹر جنرل سید رضا سید آقا زادہ نے پیر کے روز ارنا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فروری 2021 تک ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی گزرگاہوں کی تعداد دو سے تین ہو جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے فرمان کے مطابق اگلے سال فروری تک پیشین مند کی سرحد کے کھولنے کے ساتھ، دونوں ممالک کے مابین سرکاری کوریڈورز کی تعداد تین تک پہنچ جائے گی جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات میں خاصا فروغ آئے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے دونوں ممالک کے مابین سرحدی منڈیوں کو وسعت دینے کی تجویز کے ساتھ پاکستانی فریق نے سرحدی منڈیوں کی ترقی سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے ساتھ ہی چھے مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔
درایں اثنا پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے جنوبی بندرگاہ چابہار کی نقل و حمل، معیشت اور سیاحت کے حوالے سے پائی جانے والی گنجائش، چابہار پورٹ، فری زون اور شہید بہشتی پورٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے چابہار فری زون اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عبد الرحیم کردی، ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان کی بندرگاہوں اور میری ٹائم نیوی گیشن کے ڈائریکٹر جنرل بہروز آقایی اور اس صوبے کے گورنر کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔