سردار سلیمانی کے قتل سے دشمن نقصان ضرور اٹھائے گا: صدر ایران
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی راہ و مکتب وہی ہے جو امام خمینی (رح) اور رہبر انقلاب اسلامی کا رہا ہے اور وہ ہمیشہ جاری رہے گا۔
صدر مملکت نے جمعرات کے روز وزارت توانائی کی جانب سے منعقدہ پانی اور بجلی کے قومی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر کے قتل کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ دشمن کو جان لینا چاہئے کہ ایران اور علاقے کے عوام اور جوان نسل، علاقے کی آزادی کی راہ میں استقامت کے اپنے جذبے میں مزید مستحکم ہوئی ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ علاقے میں جب تک امریکی موجود ہیں مغربی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا اور علاقے کی قومیں، جارحین کو عنقریب علاقے سے نکال باہر کردیں گی۔
صدر ایران نے اسی طرح گذشتہ دو ماہ کے دوران ایرانی عوام کی جانب سے طبی پروٹوکول کی پابندی کئے جانے کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے کورونا کے حالات پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے تاہم حالات ابھی سازگار نہیں ہوئے ہیں اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی طور پر ایک دوسرے سے فاصلہ رکھا جانا ضروری ہے۔