Jan ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا اموات میں 70 فیصد کمی

ایران وزیر صحت نے ملک میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کورونا اموات میں ستر فیصد کمی واقع ہونے کی خبر دی ہے۔

ایران کے وزیر صحت سعید نمکی نے ایران میں کورونا اموات میں مسلسل کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ایران میں عوام اور اداروں کے تعاون سے گزشتہ پینتالیس روز کے دوران اسپتالوں کے تین چوتھائی بیڈ خالی ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی وزارت صحت کی منصوبہ بندی کے نتیجے میں حالیہ ایک مہینے میں کورونا اموات کی شرح میں دس فیصد اور اسپتالوں میں ایڈمیشن کے عمل میں تیس فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کی جانے والی پیش گوئی کی بنیاد پر ترقی یافتہ یورپی ممالک میں کورونا کی تیسری لہر میں یومیہ ہزار افراد، امریکہ میں یومیہ ڈھائی ہزار افراد جبکہ ایران میں روزانہ بارہ سو افراد کے مرنے کی بات کہی گئی تھی مگر خوشی کی بات ہے کہ ایران میں یہ پیش گوئی صحیح ثابت نہیں ہوئی۔ ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ کسی بھی انسان کی موت خوشی کا باعث نہیں بن سکتی۔

ڈاکٹر نمکی کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کہ جن کے پاس ایران کے مقابلے میں اہم ترین اور جدید ترین طبی وسائل و ذرائع موجود ہیں اور ان ممالک کو ایران کی طرح کسی قسم کی پابندیوں کا بھی سامنا نہیں ہے، کورونا اموات کی شرح اتنی زیادہ ہے اور وہ ایران کی طرح اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

سعید نمکی نے ایران میں برطانوی کورونا وائرس کے دوسرے مشتبہ شخص کے ٹیسٹ کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اب تک صرف ایک شخص کو برطانوی کورونا وائرس میں مبتلا پایا گیا ہے اور باعث خوشی بات یہ ہے کہ اس کی حالت بھی کنٹرول میں ہے اور اس کے ایک قریبی رشتہ دار نے بھی اس قسم کے کورونا کا ٹیسٹ انجام دیا ہے۔

ایران کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تقریبا چھے ہزار مزید افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے اور بیاسی افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ ایران میں اب تک دس لاکھ چالیس ہزار پانچ سو اکیس کورونا مریض صحتیاب اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

 

ٹیگس