Jan ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران شکست خوردہ عناصر کے جعلی دباؤ کا اسیر نہیں ہوگا: ترجمان وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اور آزادانہ طور پر فنی معاملات کی تحقیقات کے دائرے میں یوکرینی طیارے کو پیش آنے والے سانحے کے سلسلے میں جواب دہ ہے اور شکست خوردہ عناصر کے جعلی دباؤ اور سیاست بازی کا شکار نہیں ہوگا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر کو صحافیوں کے ساتھ اپنی ہفتے وار پریس بریفنگ میں یوکرین کے طیارے کو پیش آنے والے سانحے کے بارے میں کہا کہ اس سانحے کے ملزمین کے سلسلے میں عدالتی مراحل انجام پا رہے ہیں اور آئین کے مطابق اس کا سلسلہ سنجیدگی کے ساتھ جاری ہے۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شیکاگو معاہدے کی تیرہویں شق کے مطابق ایران، طیارہ سانحے کے ایک سال بعد تکنیکی رپورٹ پیش کرنے کا پابند تھا اور یہ کام انجام بھی پا چکا ہے۔

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران نے پوری تفصیل اور باریکی سے یوکرینی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بارے میں رپورٹ پیش کی لیکن بعض جانے پہچانے شکست خوردہ عناصر کے رویے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اس موضوع کو سیاسی بنانا چاہتے ہیں اور اس کو حل نہیں ہونے دینا چاہتے۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورینیئم کی بیس فیصد افزودگی کے لئے ایرانی حکومت کے پروگرام کے تعلق سے یورپی ٹرائیکا کے بیان کے بارے میں کہا کہ یہ ممالک نہ صرف یہ کہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل نہیں کر رہے ہیں بلکہ ایٹمی سمجھوتے کی خلاف ورزی کے امریکی جرم میں شریک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک بہتر جانتے ہیں کہ اس وقت ایران ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد میں کمی کے سلسلے میں جو کچھ کر رہا ہے وہ ایٹمی سمجھوتے کے تحت اور اس بین الاقوامی سمجھوتے کی چھبیسویں اور چھتیسویں شقوں کے عین مطابق ہے۔

 جنوبی کوریا کے وفد کے دورۂ تہران کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزارت خارجہ نے  کہا کہ یہ دورہ سئول پر تہران کی واجب الاداء رقم کے بارے میں انجام پایا ہے اور یہ کہ جنوبی کوریا میں ایران کا منجمد سرمایہ فوراً ایران کو لوٹایا جائے۔

انہوں نے یمن کی تحریک انصار اللہ پر پابندی عائد کرنے کی امریکی کوششوں کے بارے میں کہا کہ بعید نہیں کہ امریکہ کی شکست خوردہ حکومت اپنے آخری دنوں میں امریکہ کے چہرے پر ایک اور خراش لگا دے اور اس ملک کے ورثے کو مزید زہریلا بنا دے۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض کے خلاف امریکی پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ عراق کے ایک ذمہ داراور پوری طرح سرکاری ادارے کے عہدیدار کا امریکہ کے مذموم عزائم اور پابندیوں کا شکار ہونا ، مغربی ایشیا کے علاقے میں امریکہ کی شکست اور بے  بسی کی علامت ہے۔

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ امریکہ کے موجودہ حالات اور کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے  کے بارے میں کہا کہ امریکہ کی شرمناک ترین حکومت، نہایت بے شرمی  کے ساتھ وائٹ ہاؤس سے رخصت ہو رہی ہے، دنیا بھر میں بہائے گئے  بہت سے خون ناحق امریکی حکام کے ہاتھوں بہائے گئے ہیں اور اس ملک کے حکام کو ایک دن ان خون ناحق کا جواب ضرور دینا پڑے گا۔

ٹیگس