Jan ۲۹, ۲۰۲۱ ۰۷:۴۶ Asia/Tehran
  • علاقائی امن و صلح کا واحد راستہ علاقائی تعاون ہے: ظریف

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امن و صلح کی برقراری کا واحد راستہ علاقائی ممالک کے درمیان وسیع تعاون ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق محمد جواد ظریف نے عربی زبان میں ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ معزز پڑوسیو، ایک بار پھر علاقائی سکیورٹی کے موضوع پر غور کرنے کا موقع فراہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن و صلح کو خریدا یا اسلحوں سے گودام بھر کے فراہم نہیں کیا جا سکتا بلکہ امن و صلح کی برقراری کا واحد راستہ علاقائی ممالک کے درمیان وسیع پیمانے پر تعاون ہے اور ایران نے ہمیشہ اس تعاون کے آغاز کے لئے ہمیشہ اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔

خیال رہے کہ ایران کی وزارت خارجہ نے ماضی میں ہمیشہ خیلج فارس کے عرب ممالک کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ خطے کی سکیورٹی کے لئے بیگانہ قوتوں سے مدد حاصل کرنے کے بجائے آپس میں تعاون کو فروغ دیں۔ ایران پہلے ہی ہرمز پیس پلان کی تجویز پیش کر چکا ہے جس کا بنیادی مقصد علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور خطے میں امن و صلح کا قیام ہے اور اسی تناظر میں ایران کے نائب وزیر خارجہ نے حال ہی میں کویت کا بھی دورہ کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ خلیج فارس کے عرب ممالک کی اتحادی امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ کی شکست اور بائیڈن حکومت کے آنے اور ایران کے تعلق سے امریکی پالیسیوں میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر وہ ممالک پہلے ہی ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے خواہاں ہیں اور اسی تناظر میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

 

ٹیگس