عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی تاریخی وطن واپسی کے دن اور عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے آج صبح رہبر انقلاب اسلامی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
ایران کے اسلامی انقلاب کی قابل فخر کامیابی کی بیالیسویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات "عشرہ فجر" کے آغاز پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج صبح بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں آپ آیت اللہ بہشتی، شہید صدر محمد علی رجائی اور شہید وزیراعظم جواد باہنر اور دیگر شہدائے انقلاب کی قبور پر تشریف لے گئے اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
بیالیس سال قبل آج ہی کے دن اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رح) پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے تھے اور قوم نے آپ کا فقید المثال استقبال کیا تھا۔ امام خمینی(رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنارہوا تھا اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران میں ہرسال ان ایام میں "عشرہ فجر" کے نام سے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اس کے بعد رہبر انقلاب اسلامی ،گلزار شہداء قبرستان پہنچے اور ایران و اسلام کے مدافعین کی ارواح طیبہ کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔درایں اثنا عشرہ فجر کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام صبح نو بجے قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ شروع ہوا جس کا سلسلہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کی شان میں اشعار اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے نغموں کے ساتھ جاری رہا اور اس دوران حاضرین انقلابی نعرے لگاتے رہے اور بانی انقلاب اسلامی کے اہداف کے ساتھ تجدید عہد کیا ۔
اس کے بعد تہران کے عارضی امام جمعہ حجت الاسلام محمد حسن ابوترابی فرد نے انقلاب اسلامی کی خصوصیات اور بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی اور آپ کے جانشین صالح رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی عالمانہ اور قائدانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالی ۔
عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے آج منعقد ہونے والے پروگراموں کے دوران موٹرسائیکلوں کی پریڈ انجام پائی اور تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ سے لے کر بہشت زہرا قبرستان تک کے اس راستے پر پھول برسائے گئے جس سے ہوتے ہوئے بانی انقلاب اسلامی بہشت زہرا تک پہنچے تھے ۔
درایں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبہ خراسانی شمالی میں کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ کے اسٹیم فیز اور چودہ میگاواٹ اسمال اسکیل پاور پلانٹ سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔
آج بروز اتوار بارہ بہمن سے عشرہ فجر کے عنوان سے اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن منایا جاتا ہے ۔