بائیڈن حکومت کو پابندیاں اٹھانے کے بارے میں سوچنا چاہئے: قالیباف
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکہ کی نئی حکومت اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل کرنے کے لئے پیشگی شرط رکھنے کے بجائے پابندیوں کو منسوخ کرنے کے بارے میں سوچے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے عوام اور دنیا بھر کے انصاف پسندوں کو عشرہ فجر کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انقلاب اسلامی زندہ و جاوید ہے اور مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔
محمد باقر قالیباف نے امریکہ کی نئی حکومت کے وزیرخارجہ کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اگر ایٹمی سمجھوتے میں یقین رکھتا ہے تو شرط و شروط رکھنے کے بجائے عملی طور پر اس کی پابندی کا ثبوت دے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے کا تجربہ ایرانی عوام کی آنکھوں کے سامنے ہے اور ایران کے عاقل و ذہین عوام اتنے بھولے نہیں ہیں کہ دوبارہ نئے کھیل اور ادھار کے وعدے کے چکّر میں آجائیں۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ امریکہ کی نئی حکومت ایٹمی سمجھوتے میں اپنے وعدوں پر عمل کرنے کے لئے پیشگی شرط رکھنے کے بجائے پابندیاں ختم کرنے اور اپنے قانونی وعدوں پر عمل کرنے کے بارے میں سوچے۔