دنیا کے حریت پسندوں کے خلاف فضائیہ کی طاقت کے استعمال پر پابندی لگائی جائے، ایران کا مطالبہ
ایران کی فضائیہ کے کمانڈر نے ہندوستان کے شہر بنگلور میں دنیا کے مختلف ملکوں کی فضائیہ کے کمانڈروں کے اجتماع میں دنیا کے حریت پسندوں کے خلاف فضائیہ کی طاقت کے استعمال پر پابندی عائد کئے جانے پر زور دیا۔
ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عزیز زادہ نے اس آنلائن اجلاس سے اپنے خطاب میں فضائیہ کی طاقت کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے اس طاقت کو دنیا کے حریت پسندوں خاص طور سے ایران کی سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی جیسی شخصیت کے خلاف استعمال کئے جانے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے مغربی ایشیا میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے گرانقدر کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کو فضائیہ کی طاقت کے صحیح استعمال کے حوالے سے دنیا کے حریت پسندوں اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کرنے والی شخصیات کے خلاف فضائیہ کی طاقت کے استعمال پر پابندی کا کنوینشن بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پڑوسی اور دوست ملکوں کے ساتھ تعاون کے لئے ایران کی کھلی آغوش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران میں اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ، ان تمام لوگوں کے لئے جو تسلط پسندی سے ہٹ کر دیگر ملکوں کے عوام کا احترام اور ان کے ساتھ مفاہمت کے خواہاں ہیں، جنگ و مخاصمت سے دور ایک یقینی مستقبل پر توجہ دے رہے ہیں۔