امریکہ کو حتمی طور پر علاقے سے نکلنا ہے: سپاہ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انٹیلیجنس کے ادارے کے سربراہ نے علاقے سے امریکہ کے اخراج کو استقامتی محاذ کی حتمی اسٹریٹیجی قرار دیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ادارۂ انٹیلیجنس کے سربراہ حجت الاسلام حسین طائب نے بدھ کو اسلامی انقلاب کی بیالیسویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ امریکہ، صیہونی حکومت اور علاقے میں ان کے ایجنٹ استقامتی محاذ کے حامیوں کے سخت انتقام سے خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور اس سے سخت پریشان ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ادارۂ انٹیلیجنس کے سربراہ نے ملت ایران کی استقامت کے ثمرات و نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایام اللہ، عشرہ فجر نے ملت ایران کو یہ درس دیا ہے کہ اگر کوئی باایمان قوم ایک بابصیرت اور توانا رہبر کی زیر قیادت آگے بڑھے تو بظاہر فتح نہ ہونے والے محاذ بھی سر ہو جاتے ہیں اور دشمن کا زیادہ سے زیادہ دباؤ عوام کی استقامت سے شکست سے دوچار ہو جاتا ہے۔