ایران کو منانے کے لئے گروسی تہران آ سکتے ہیں: آئی اے ای اے
جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے نے ایران میں اپنے انسپیکٹروں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے سلسلے میں مذاکرات کے لئے سیکریٹری جنرل رافائل گروسی کے دورہ ایران کی تجویز پیش کی ہے۔
آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی کی یہ تجویز اقوام متحدہ کے ویانا ہیڈ کواٹر میں ایران کے مستقبل مندوب کاظم غریب آبادی کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی کہ ایران نے مراسلہ ارسال کر کے جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ کو اس فیصلے سے مطلع کر دیا ہے کہ اب وہ پیشگی اطلاع کے بغیر اپنی ایٹمی سائٹوں کی معائنہ کاری کے سلسلے کو بند کر رہا ہے۔
ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کی شق نمبر چھبیس اور چھتیس کے مطابق یہ قدم اس لئے اٹھایا ہے کہ جوہری معاہدے کے یورپی فریق مسلسل اپنے وعدوں کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہیں۔
مزید پڑھئے: جوہری معاہدے میں واپس وہ آئے جو معاہدے سے نکلا ہے: ایران
وال اسٹریٹ جرنل کے نامہ نگار نے منگل کے روز ایک ٹوئیٹ کیا تھا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی نے ایجنسی کے رکن ممالک کو آگاہ کر دیا ہے کہ ایران نے پندرہ فروری کو انہیں یہ اطلاع دی ہے کہ وہ تیئیس فروری سے ایڈیشنل پروٹوکول کے تحت انجام پانے والے اپنے رضاکارانہ اقدامات کا سلسلہ بند کر دے گا۔ ایڈیشنل پروٹوکول جوہری ایجنسی کے معائنہ کاروں کے لئے یہ امکان فراہم کرتا ہے کہ وہ جب چاہیں ایران کے ایٹمی مراکز کا معائنہ کر لیں۔
یاد رہے کہ امریکہ نے جامع ایٹمی معاہدے سے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر دوہزار اٹھارہ میں علیحدگی اختیار کر لینے کے بعد ایران کے خلاف پابندیاں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ امریکہ کے اس خودسرانہ اقدام کے بعد ایران نے کوشش کی کہ اگر یورپی فریق معاہدے پر کاربند رہتے ہیں تو اس معاہدے کو باقی رکھا جائے، مگر یورپی فریقوں نے بھی اپنے تمام تر زبانی دعووں کے باوجود عملی طور پر اسکو باقی رکھنےاور مؤثر بنانے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔