آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر رافائل گروسی کی علی اکبر صالحی سے ملاقات
Feb ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ علی اکبر صالحی اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر رافائل گروسی نے تہران میں ملاقات کی ہے۔
علی اکبر صالحی اور رافائل گروسی کے درمیان اس ملاقات کا مقصد، پابندیوں کے خاتمے اور ایرانی قوم کے مفادات کے تحفظ سے متعلق قانون اور آئی اے ای اے کی نگرانی کے عمل میں لائی جانے والی کمی کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر رافائل گروسی، ایرانی حکام سے ملاقات، اور ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی سطح میں کمی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کی غرض سے ہفتے کی شب تہران پہنچے تھے۔
ایران کی پارلیمنٹ نے یورپی ٹرائیکا برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے وعدہ خلافیوں کے بعد یکم دسمبر دوہزار بیس کو ایک قانون کی منظوری دی تھی اور حکومت کو آئی اے ای اے کی نگرانی محدود کرنے کا پابند بنایا تھا۔