یورپ و امریکہ کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کئے جانے پر تاکید
ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ یورپ اور امریکہ، مسلط کردہ جنگ میں انسانی حقوق کو بری طرح سے پامال کرتے رہے ہیں۔
ایران کی عدلیہ کے سربراہ ابراہیم رئیسی نے منگل کے روز مقدس دفاع کے بین الاقوامی قانونی مطالبات کے زیر عنوان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس دفاع کے دوران یورپ اور امریکہ کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی سے پوری دنیا کو روشناس کرائے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسلط کردہ جنگ کے دور میں اپنی جارحانہ ماہیت کے مطابق جس طرح سے یورپ اور امریکہ نے انسانیت کا گلا گھونٹا ہے اس سے پوری دنیا کو باخبر کیا جائے۔
ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ کے دوران عراق کا معدوم صدر صدام سازشی منصوبوں پر عمل کر رہا تھا تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کے جرائم میں شریک یورپ اور امریکہ کے بنیادی کردار کو بھی پوری دنیا میں بے نقاب کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ کی جانب سے صدام کی ہر طرح کی مدد و حمایت اور مختلف قسم کے ہتھیاروں کی سپلائی کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی انقلاب اور دفاع مقدس کے میوزیم میں مقدس دفاع کے بین الاقوامی قانونی مطالبات کے زیر عنوان کانفرنس منگل کے روز ایران کی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ابراہیم رئیسی کی تقریر سے شروع ہو گئی ہے جس میں ایران کی مسلح افواج کے تجربے کار اور سابق کمانڈر بھی شریک ہیں۔