Mar ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran
  • ایران کے ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادے کے قتل میں اسرائیل ملوث

ایران نے کہا ہے کہ شہید فخری زادہ کے قتل میں ناجائز صہیونی ریاست ملوث تھا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ہیڈ کواٹر ویانا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کاظم غریب آبادی نے ہفتہ کے روز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب میں ایران کے جوہری سائنسدان محسن فخری زادے  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے  کہا کہ ان کے قتل کے مجرمانہ اقدام کے مرتکب افراد کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

کاظم غریب آبادی  نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پرامن جوہری پروگرام پر گامزن ہے لیکن اس کے باوجود ایک اور جوہری سائنسدان کو قتل کردیا گيا۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ اس بات کے واضح شواہد موجود ہیں کہ ڈاکٹر محسن فخری زادہ کے مجرمانہ قتل میں صیہونی ملوث ہیں اور اس غیر انسانی جرم کے ارتکاب کے لئے ان کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئی اے ای اے کے تمام ممبر ممالک اور عالمی ایٹمی انرجی ایجنسی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بین الاقوامی امن و سلامتی پراس قسم کے خطرناک اور اشتعال انگیز اقدامات  کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے اس قسم کے اقدامات کی روک تھام کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھائيں۔  انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس طرح کے مجرمانہ اقدامات کا جواب اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے ایٹمی  سائنسدان محسن فخری زادہ کو 27 نومبرکو تہران کے گردو نواح میں ایک دہشتگردانہ حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔

ٹیگس