Mar ۰۸, ۲۰۲۱ ۲۱:۵۵ Asia/Tehran
  • امریکہ کو پیغام دینے کی ضرورت نہیں وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاملہ کوئی سیگنل بھیجنے یا پیغام روانہ کرنے کا موضوع نہیں ہے بلکہ ایران کا موقف واضح ہے کہ ایٹمی معاہدے میں شامل ہونے سے پہلے امریکہ تہران مخالف تمام پابندیاں ختم کرے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاملہ اچھے پیغامات کا تبادلہ نہیں ہے بلکہ سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس پر عملدرآمد اور پابندیوں کا مکمل خاتمہ ہے۔ وہ فرانسیسی سفارت کار کے اس بیان پر تبصرہ کر رہے تھے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واپسی کے حوالے سے مثبت پیغامات ارسال کیے ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اعلی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس معمول کے مطابق اور باقاعدگی کے ساتھ ہوتے ہیں مگر ان کی تفصیلات میڈیا کو جاری نہیں کی جاتیں۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی کیتھولک رہنما پوپ فرانسس کے دورہ عراق کے بارے میں کہا کہ یہ دورہ بہت اچھا اور تعمیری تھا۔ انہوں نے کہا کہ عراق اپنے عوام کی بہادری، مرجعیت کی درایت اور دہشت گردی کے خلاف بہنے والے پاکیزہ خون کی برکت سے سلامتی کی منزل پر پہنچ گیا ہے اور یہ دورہ نیز اسی طرح کے دوسرے اعلی عہدیداروں کے  دورے اس بات کو واضح کرتے ہیں کہ عراق میں امن و امان قائم ہوگیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پوپ فرانسس کی آیت اللہ العظمی سیستانی سے ملاقات کے بارے میں کہا کہ یہ ملاقات بین المذاہب ہم آہنگی اور قربت کی علامت ہے  اور دنیا میں تشدد اور انتہا پسندی کے فروغ کی باتیں کرنے والوں کے برخلاف یہ ملاقات  تہذیبوں کے درمیان ڈائیلاگ، امن، دوستی اور تعاون کے پیغام کی حامل ہے۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آیت اللہ العظمی سیستانی کے موقف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاف پر توجہ، عالمی مشکلات کے حل میں ایمان کے کردار، پابندیوں کے خاتمے اور فلسطینیوں کے حقوق کی بالادستی کا جو پیغام آپ نے پوپ کے ساتھ ملاقات میں دیا ہے وہ انتہائی اہم ہے۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ایٹمی معاہدے میں واپسی کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو اسے  تہران کے خلاف عائد تمام  پابندیاں فی الفور اٹھا لینا چاہیئے۔

 شام اور عراق کے امور میں ناروے کے خصوصی نمائندے ہرالڈ اسٹار سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار کا کہنا تھا کہ تہران پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایٹمی معاہدے کی پہلی والی حالت میں دوبارہ لوٹنے کے لیے تیار ہے۔

 

ٹیگس