Mar ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • نیا ایرانی سال کورونا اور پابندیوں پر قابو پانے کا سال ہو گا، صدر مملکت

ایران کے صدر نے نئی ایرانی صدی کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا ایرانی سال سن چودہ سو ہجری شمسی، ایران میں کورونا وبا اور تہران مخالف پابندیوں پر قابو پانے کا سال ثابت ہو گا۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے رواں ایرانی سال کے آخری کابینہ اجلاس کے بعد اپنے ایک بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ ایرانی قوم، جس نے تمام میدانوں میں اتحاد و استقامت کا مظاہرہ کر کے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، نئے ایرانی سال میں بھی اپنی اہم کامیابیوں کے حصول کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایرانی سال سن چودہ سو ہجری شمسی میں برکت، رازی اور فخر ایک نامی کورونا ویکسین کی فراہمی کے ساتھ کورونا وبا پر بخوبی قابو پا لیا جائے گا اور سب کو چاہئے کہ باہمی تعاون سے اینٹی کورونا مہم کو آگے بڑھائیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی سال تیرہ سو ستانوے میں سخت اقتصادی جنگ کا سامنا کرنا پڑا اور اس جنگ میں ہم تنہا تھے جیساکہ ہم ایران کے خلاف مسلط کی جانے والی عراق کی صدام حکومت کی جنگ میں تنہا تھے تاہم ایرانی عوام نے مسلط کردہ جنگ کی مانند ایران کے خلاف مسلط کی جانے والی اقتصادی جنگ میں بھی تنہا ہی پوری توانائی کے ساتھ استقامت کا مظاہرہ کیا اور بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔

صدر ایران نے پابندیوں کے باوجود کورونا دور میں ایران کی اقتصادی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور انتھک سعی و کوشش کے ساتھ ہماری مثبت اقتصادی ترقی بدستور جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت ایران مخالف پابندیاں ہٹائے جانے کی راہ، پہلے سے کہیں زیادہ ہموار ہے اور امریکیوں نے بارہا کہا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے میں واپسی چاہتے ہیں مگر صرف کہنا کافی نہیں ہوتا اور عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے کہ جن کے ہم منتظر ہیں۔

ٹیگس