Mar ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدے میں امریکہ کی واپسی کیلئے کسی منصوبے کی ضرورت نہیں : ایران

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے میں امریکی واپسی کیلئے وعدوں پر عمل درآمد سے متعلق واشنگٹن کے سیاسی فیصلے کے سوا کسی اور منصوبے کی ضرورت نہیں ہے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایران اس حوالے سے جوہری معاہدے کے دیگر اراکین سے رابطے میں ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ جوہری معاہدے میں امریکہ کی واپسی کیلئے کسی بھی تجویز کی ضرورت نہیں ہے اس لئے کہ اس کام کیلئے سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 پر قائم رہنے اور معاہدے کے مطابق اپنے وعدوں پر پورا اترنے کیلئے امریکی سیاسی فیصلے کی ضرورت ہے۔

 واضح رہے کہ پولیٹیکو ویب سائٹ نے پیر کے روز ایک رپورٹ میں اس بات کا دعوی کیا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن، جوہری مذاکرات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ایران کو ایک تجویز پیش کریں گے۔

اس ویب سائٹ میں دو باخبر افراد کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے حکام ، روان ہفتے ایران سے مذاکرات کے آغاز کیلئے ایک تجویز پیش کریں گے۔

ٹیگس